نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو مرکزی حکومت کو عبادت گاہوں (خصوصی انتظامات) ایکٹ-1991 کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضی پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے 12 دسمبر تک کا وقت دیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت اجودھیا کے رام جنم بھومی کے علاوہ ملک کے تمام مذہبی مقامات کی 15 اگست 1947 سے پہلے کی حیثیت کو برقرار رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی عرضی کو منظور کرتے ہوئے 12 دسمبر تک اپنا جواب داخل کرنے کے لئے کہا۔ SC grants time to center in Worship Places Act
مرکز کا موقف پیش کرتے ہوئے مہتا نے بنچ کو بتایا کہ اس معاملے پر 'اعلیٰ ترین سطح' پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس کے لیے اضافی وقت درکار ہے۔ سپریم کورٹ گزشتہ سال مارچ سے اس معاملے میں مرکزی حکومت کے جواب کا انتظار کر رہی ہے۔ مہتا نے 12 اکتوبر کو عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ اجودھیا کے رام جنم بھومی تنازعہ کیس میں پانچ ججوں کی آئینی بنچ کے ذریعہ سنائے گئے 2019 کے فیصلے میں عبادت گاہوں (خصوصی دفعات) ایکٹ 1991 کی صداقت سے متعلق سوالات شامل نہیں ہیں۔