نئی دہلی: چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے جمعہ کو جسٹس پرشانت کمار مشرا اور سینئر ایڈوکیٹ کلپت وینکٹ رامن وشواناتھن کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر حلف دلایا۔ سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نئے ججوں نے عہدے کا حلف لیا۔ جسٹس مشرا اور جسٹس وشواناتھن کی حلف برداری کے ساتھ ہی سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی۔
تاہم تین جج جون میں ریٹائر ہونے والے ہیں۔ جسٹس کے ایم جوزف، جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس وی راما سبرامنیم اگلے ماہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ریٹائر ہوجائیں گے۔ جسٹس جوزف 16 جون کو، جسٹس رستوگی 17 جون اور رام سبرامنیم 29 جون کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ اسی طرح جسٹس کرشنا مراری 8 جولائی کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔
جسٹس وشواناتھن 11 اگست 2030 کو جسٹس جے بی پاردی والا کی ریٹائرمنٹ پر چیف جسٹس آف انڈیا بنیں گے اور 25 مئی 2031 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ جسٹس مشرا اور جسٹس وشواناتھن کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کا وارنٹ جمعرات کو صدر دروپدی مرمو کے دفتر نے جاری کیا۔