چیف جسٹس شرد اروند بوبڑے،جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس ہریشکیش رائے کی بنچ نے وکیل سپریا پنڈت کی درخواست پر مرکزی ودہلی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔
درخواست گزار نے کورونا وائرس سے لوگوں کی زندگی کی حفاظت میں لاپرواہی کا رویہ اپنانے کے تعلق سے مرکزی اور دہلی حکومت پرغیر فعالیت کا الزام عائد کیا۔بنچ نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا سے حکومت کاموقف جاننا چاہا،جس پر انہوں نے ایک ہفتہ کا وقت طلب کیا جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ آخر کورونا کے سبب نافذ لاک ڈاؤن کے باوجود ملکی وغیرملکی کیوں بڑی تعداد میں مرکز میں جمع ہوئے،جبکہ پروگرام لاک ڈاؤن سے ایک ہفتہ قبل ختم ہوگیا تھا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نظام الدین مرکز میں غیر ملکی نمائندوں سمیت بڑے پیمانے پر لوگوں کو اکٹھا ہونے کی اجازت کیسے دی گئی؟جبکہ دنیا بھر میں کورونا وبا کا خطرہ پیدا ہورہا تھا۔درخواست گزار نے دہلی پولیس کے کردار پر بھی سوال کھڑے کیے ہیں۔