نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کالکاجی سے ایم ایل اے آتشی نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے 10 کارکنوں کو نامزد کونسلر کے طور پر مقرر کرنا غیر آئینی ہے۔ آتشی نے لیفٹیننٹ گورنر کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں 10 نامزد کونسلر ہوتے ہیں جن کے نام ایک عمل کے تحت ہمیشہ دہلی حکومت کے ذریعہ لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجے جاتے ہیں، لیکن اس بار حکومت کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کی یہ کوشش ہے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں کسی طرح بی جے پی کے لوگوں کو بھرا جائے اور وہاں پرکارپوریشن کی پالیسیوں میں روڑا اٹکایاجائے۔ AAP Slams Delhi LG Vinai Kumar Saxena
آتشی نے کہا کہ بی جے پی من مانی پر اترآئی ہے اور منگل کو لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے کارپوریشن کمشنر کو فون کیا اور ان سے کہا کہ نامزد کونسلروں کی فائل آپ براہ راست میرے پاس بھیجیں اور دہلی حکومت کو مکمل طور پر نظرانداز کریں۔ کارپوریشن کے کمشنر نے فائل دہلی حکومت کو نہیں بھیجی۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح غیر آئینی اور غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں بی جے پی کے 10 کارکنوں کو نامزد کونسلر قرار دیا گیا ہے۔ یہ عمل سراسر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔