اردو

urdu

ETV Bharat / state

Samjhauta Blast Anniversary سمجھوتہ بلاسٹ، ایک دردناک سانحہ، آج تک انیس جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی - ایک دکھی خاندان کی داستان

اٹھارہ فروری 2007 کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں دو بار چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس میں پانی پت دیوانہ ریلوے اسٹیشن پر دو آئی ای ڈی دھماکے ہوئے۔ اس دھماکے میں 68 افراد ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By

Published : Feb 18, 2023, 11:29 AM IST

Updated : Feb 18, 2023, 12:01 PM IST

پانی پت: 18 فروری 2007، کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں دو بار چلنے والی سمجھوتہ ٹرین میں بم دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکے میں 68 افراد ہلاک جب کہ 13 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ دہلی سے 80 کلومیٹر دور پانی پت میں دیوانہ ریلوے اسٹیشن کے گیٹ نمبر 49 کے قریب ہونے والے اس دھماکے کو 16 سال ہو چکے ہیں۔ اٹھارہ فروری اتوار کو سمجھوتہ ایکسپریس اپنے مقررہ وقت پر رات تقریباً پونے گیارہ بجے دہلی سے اٹاری کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد جیسے ہی ٹرین دہلی سے 80 کلومیٹر دور پانی پت کے دیوانہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو ٹرین کی جنرل بوگیوں میں دھماکے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ٹرین میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جس کے باعث ٹرین کی دو جنرل بوگیاں آگ کی زد میں آگئیں۔ آخری 2 بوگیوں میں آگ لگنے کے بعد گارڈ نے ڈرائیور کو سگنل بھیجا اور ٹرین روک دی گئی۔ تب تک آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی تھی۔ پانی پت کے شیوا گاؤں کے لوگوں نے جب ٹرین کو آگ کی زد میں دیکھا تو آگ بجھانے کی کوشش مصروف ہوگئے اور پھر آگ پر قابو پالیا گیا لیکن تب تک ان ڈبوں میں سوار 68 افراد ہلاک اور 13 افراد شدید طور پر جھلس گئے تھے، جنہیں علاج کے لیے دہلی ریفر کر دیا گیا تھا۔

دہلی سے پاکستان روانہ ہورہی تھی سمجھوتہ ایکسپریس
آج تک 19 جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی

جب ہریانہ پولیس موقع پر پہنچی تو دوسری بوگیوں میں دو سوٹ کیس برآمد ہوئے۔ شبہ ہونے پر تفتیش کی گئی تو وہ سوٹ کیس بم نکلے۔ بم ڈسپوزل سکواڈز کو موقع پر طلب کیا گیا۔ ان میں سے ایک بم کو ناکارہ بنا دیا گیا اور دوسرے کو خالی کھیتوں میں دھماکے سے تباہ کر دیا گیا۔ مزید دو بم ملنے کا صاف مطلب یہ تھا کہ مجرمین سمجھوتہ ایکسپریس اور اس میں بیٹھے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔ 18 فروری کو ہونے والے حادثے کے بعد جی آر پی ہریانہ پولیس نے 19 فروری کو کیس درج کیا۔ تقریباً ڈھائی سال کے بعد 19 جولائی 2010 کو اس واقعہ کی ذمہ داری این آئی اے کو دے دی گئی۔ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پاکستانی شہری تھے۔ دھماکے کے بعد لاشوں کی حالت ایسی تھی کہ ان کی شناخت کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ اسی لیے پوسٹ مارٹم کے وقت ڈی این اے کے نمونے لیے گئے اور پھر لاش کا دعویٰ کرنے آئے لواحقین کے ڈی این اے رپورٹ کی بنیاد پر لاشوں کی شناخت ہوسکی۔ لاشوں کی حالت اتنی خراب ہو گئی تھی کہ پانی پت میں ہی ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ تمام 68 لاشوں کو پانی پت کے مہرانہ گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

سمجھوتہ بلاسٹ، ایک دردناک سانحہ
ایک دکھی خاندان کی داستان

سمجھوتہ دھماکے کی جانچ این آئی اے نے کی تھی۔ اے این آئی نے اسیمانند سمیت لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجندر کو گرفتار کیا تھا۔ جانچ ایجنسی این آئی اے نے کل 8 لوگوں کو ملزم بنایا تھا جن میں سے ایک کی موت ہو گئی تھی جب کہ تینوں افراد کو مفرور قرار دیا گیا تھا۔ اس کیس کی سماعت پنچکولہ این آئی اے عدالت میں ہوئی۔ اس دوران پنچکولہ کی عدالت نے چاروں ملزمین کو بری کر دیا تھا۔ این آئی اے نے 2011 سے 2012 کے درمیان پنچکولہ کی خصوصی عدالت میں مذکورہ تمام کمشنروں کے بارے میں تین بار چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سنہ 2014 میں سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس میں ماسٹر مائنڈ سوامی اسیمانند کو ضمانت مل گئی۔ جانچ ایجنسی این آئی اے عدالت میں اسیمانند کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ اسیمانند کو سی بی آئی نے 2010 میں ہریدوار سے گرفتار کیا تھا۔ 16 اپریل 2018 کو، لو کمار سرکار عرف سوامی اسیمانند کو این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 2007 کے مکہ مسجد دھماکہ کیس میں بری کر دیا۔ وہ 2007 کے اجمیر درگاہ دھماکہ کیس میں پہلے ہی بری ہو چکے تھے۔ 14 مارچ 2019 کو انہیں سمجھوتہ دھماکہ کیس میں بھی عدم ثبوت کی وجہ سے بری کر دیا گیا۔

اسیمانند

قبرستان کے نگراں شکور محمد کا کہنا ہے کہ وہ ایک کالی رات تھی۔ اس رات ہسپتال میں ایک کے بعد ایک لاشوں کے ڈھیر لگتے رہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کو پہلے لکڑی کے تابوت میں ڈی این اے کے نمونوں کے ساتھ پیک کیا گیا اور پھر 23 فروری کو انہیں قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ آج بھی اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے تھا۔ سمجھوتہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل تھے۔ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے پانی پت کے وکیل مومن ملک نے بتایا کہ 68 افراد میں سے 19 افراد ایسے مدفون ہیں جن کی شناخت آج تک نہیں ہو سکی۔ کچھ لوگ پاکستان سے شناخت کے لیے آئے تھے۔ جنہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس حادثے میں مارے گئے لوگوں کے رشتہ دار ہیں۔ لیکن ڈی این اے میچ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ اس کے ساتھ ہی موقع پر لاشوں پر ملے زیورات اور کپڑوں سے کچھ لوگوں کی شناخت کی گئی۔ کچھ کی شناخت ڈی این اے رپورٹ سے ہوئی۔ لیکن پاسپورٹ اور ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد بھی آج تک 19 افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔ مومن ملک کا کہنا ہے کہ حکومت ہند نے ابھی تک ہلاک ہونے والوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیے ہیں۔ جس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کا کام ابھی تک لٹکا ہوا ہے۔

سمجھوتہ بلاسٹ، ایک دردناک سانحہ
اس رات سب خاک

بم دھماکے کی رات پاکستان کے شہر فیصل آباد کے رہائشی رانا شوکت علی اپنی اہلیہ رخسانہ اختر اور 5 بچوں کے ساتھ دہلی سے پاکستان واپس آرہے تھے۔ رانا شوکت علی بتاتے ہیں کہ وہ اس دن پہلے ہی کچھ عجیب محسوس کر رہے تھے۔ ٹرین وقت پر نہیں چلی اور کچھ تاخیر کے بعد دہلی سے روانہ ہوئی اور ٹرین میں دو نوجوان بھی گھوم رہے تھے جن کے بارے میں وہ بے خبر تھے۔ ٹی ٹی کے پوچھنے پر دونوں نوجوانوں نے جواب دیا کہ وہ احمد آباد جا رہے ہیں، لیکن اس پر اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین احمد آباد نہیں بلکہ لاہور جا رہی ہے۔ رانا شوکت علی کے اس اعتراض پر ٹی ٹی نے انہیں بم دھماکے سے 15 منٹ قبل ٹرین سے اتار دیا۔ شوکت علی اپنی اہلیہ اور 6 بچوں عائشہ، رانا محمد بلال، رانا انیر حمزہ، عاصمہ، رانا محمد رحمان اور اقصیٰ کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد جب زیادہ تر لوگ ٹرین میں سو رہے تھے تبھی ایک دھماکے کی آواز سنائی دی۔ شوکت کے مطابق دھماکے کی آواز ان سن کر کے وہ دوبارہ سو گئے۔ لیکن جیسے ہی شوکت علی کو سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی، وہ اٹھے اور دیکھا کہ ٹرین دھویں سے بھری ہوئی تھی۔ جیسے ہی وہ اٹھ کر دروازے کی طرف گئے اور دروازہ کھولا تو شعلوں نے پوری کوچ کو اپنی زد میں لے لیا تھا۔ دوسری کوچ میں جا کر انہوں نے دروازہ کھٹکھٹایا، چین پولنگ کے بعد ٹرین رک گئی اور وہ فوراً ٹرین سے نیچے اتر گئے۔ پھر ہمت کر کے انہوں نے بیوی بچوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ ناکام رہے، بار بار کوشش کرنے کے بعد وہ صرف اپنی بیوی رخسانہ اختر اور سب سے چھوٹی بیٹی اقصیٰ کو باہر نکال سکے۔ وہ اپنے باقی 5 بچوں کو نہیں بچا سکے۔ جس کا انہیں زندگی بھر افسوس رہے گا۔ ان بچوں کی عمریں 6 سے 17 سال کے درمیان تھیں۔

دھماکے کے بعد بدل گئی اس خاندان کی تصویر
دھماکے میں ایک ہی خاندان کے یہ بچے ہلاک ہوگئے

شوکت علی بتاتے ہیں کہ تقریباً 1 گھنٹے بعد ایمبولینس وہاں پہنچی۔ فائر بریگیڈ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ لیکن تب تک سب کچھ جل کر راکھ ہو چکا تھا۔ اس حادثے میں وہ اپنے پانچ بچوں کو کھو دیے تھے اور خود بھی بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔ آج بھی جب وہ یہ منظر یاد کرتے ہیں تو ان کی روح کانپ جاتی ہے۔ ٹرین میں سفر کرنے والے رانا شوکت علی کی بیگم رخسانہ اختر کہتی ہیں کہ آج بھی وہ واقعہ ان کے ذہن میں اتنا گہرا ہے کہ وہ چاہ کر بھی اس منظر کو نہیں بھول سکتیں۔ کیسے بھولیں، آخر ایک ماں نے اپنے بچوں کو اس دھماکے میں راکھ ہوتے دیکھا تھا۔ بے بس اور لاچار ماں کی محبت کے وہ زخم آج بھی تازہ ہیں جس کا درد کبھی بیان نہیں کیا جا سکتا۔ رخسانہ اختر نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے فون پر بات چیت میں کہا کہ جہاں ان کے بچوں کو دفن کیا گیا تھا وہاں پر ان کے بچوں کے لیے دعا کریں۔ آج بھی ان کی ایک بیٹی شاہینہ خواب میں آتی ہے جو اپنی ماں سے کہتی ہے کہ امّی آپ نے مجھے ان جھاڑیوں میں اکیلا چھوڑ دیا۔ اس دھماکے نے بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کو ناقابل فراموش زخم دیے ہیں۔ جسے شاید کبھی بھلایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی اس حادثے سے ملنے والے زخم کبھی کم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ذریعے حکومت ہند سے بھی اپیل کی ہے کہ انہیں بھارت آنے کے لیے 4 دن کا ویزا دیا جائے، تاکہ وہ اس بم دھماکے میں ہلاک ہوئے اپنے بچوں کی قبروں پر جاسکیں اور فاتحہ خوانی کرسکیں۔

Last Updated : Feb 18, 2023, 12:01 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details