نوئیڈا:سنہ2024 میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ آر ایس ایس کی تیار کردہ ’’پسماندہ مسلم سماج اتھان سمیتی سنگھ‘‘ نے ریاست اترپردیس کے نوئیڈا میڈیا کلب میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کر کے مودی کو ووٹ دینے کی اپیل کر ڈالی۔ تنظیم کے چیف سرپرست عرفان احمد، سرپرست سرفراز علی اور قومی صدر احسان عباسی نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی پسماندہ مسلم کمیونٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بڑی تعداد میں مودی کے حق میں ووٹ دے اور ملک کو تیسری بار ایک مضبوط اور مقبول وزیر اعظم بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔‘‘
بی جے پی لیڈر عرفان احمد نے کہا کہ ’’کیونکہ آزادی کے بعد گزشتہ حکومتوں نے پسماندہ مسلم سماج کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ لیکن اس کی ترقی کی راہ ہموار نہیں کی۔ جب سے نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں، انہوں نے اپنی حکومت کے مرکزی وزراء، پارٹی لیڈروں، ممبران پارلیمنٹ وغیرہ کو پسماندہ، انتہائی پسماندہ، خاص طور پر پسماندہ مسلم کمیونٹی تک پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کا فائدہ دلانے پر زور دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اس وقت تک ترقی نہیں کرے گا جب تک ملک کی پسماندہ مسلم کمیونٹی کی ترقی نہیں ہوگی۔