دہلی:قومی دارالحکومت دہلی کے آزاد مارکیٹ کے شیواجی روڈ پر واقع مدرسہ تجویدالقرآن و مسجد تکیے والی میں آج آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے مدارس کے طلبہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر موہن بھاگوت کے ہمراہ آل انڈیا امام ایسوسی ایشن کے چیف مولانا عمیر الیاسی آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کے قومی صدر ڈاکٹر اندریش کمار، آر ایس ایس کے نائب صدر ڈاکٹر کرشن گوپال، آر ایس ایس کے سینئر رہنما رام لال میں موجود تھے۔ RSS Chief Mohan Bhagwat in Madrrsa
آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک اس مدرسے میں قیام کیا۔ اس دوران انہوں نے مدرسے کے طلباء سے قرآن کی تلاوت سنی اور درس و تدریس سے متعلق گفتگو کی۔ آر ایس ایس چیف کا درس و تدریس کے فرائض انجام دینے والے استاد سے یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ملک سب کا ہے یہاں سبھی لوگ صدیوں سے رہتے آرہے ہیں اور جو کچھ لوگ نفرت کی یا عداوت کی بات کرتے ہیں ان کا ہندو مذہب سے یا آر ایس ایس سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا دورہ غیر رسمی ہے۔ اس میں کسی بھی طرح سے سیاست شامل نہیں ہے۔