نئی دہلی: بھارتی خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے میں ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ پہلوانوں کے الزامات کے معاملے میں دہلی پولیس کی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے راؤز ایونیو کورٹ نے ایم پی برج بھوشن اور ونود تومر کو طلب کیا ہے۔ دونوں کو 18 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
دہلی پولیس نے چارج شیٹ داخل کی ہے: اس سے قبل سماعت کے دوران عدالت نے نوٹس لینے کے لیے سات جولائی کی تاریخ مقرر کی تھی۔ دہلی پولیس نے برج بھوشن کے خلاف 15 جون کو عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ راؤز ایونیو کورٹ میں 22 جون کو اس کی سماعت کرتے ہوئے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (سی ایم ایم) مہیما رائے سنگھ نے معاملہ ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں منتقل کر دیا۔ انہوں نے معاملہ اے سی ایم ایم ہرجیت سنگھ جسپال کو بھیج دیا ہے۔