گزشتہ شب دہلی کے کالندی کنج پولیس اسٹیشن علاقے کے روہنگیا کیمپ میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے 50 سے زیادہ کچے مکان جل کر خاکستر ہوگئے جس میں کئی خاندانوں بے گھر ہوگئے۔
روہنگیا پناہ گزین بے یار و مددگار اب یہ خاندان ایک بار پھر بے گھر ہو گئے ہیں۔ روہنگیا پناہ گزینوں نے گذشتہ کچھ سالوں میں اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہوئے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا لیکن اس آگ نے سب کے خوابوں کو جلا کر خاک کر دیا ہے۔ اب ان مہاجرین کو اپنی زندگی کی شروعات پھر سے کرنی ہوگی۔
جنوبی مشرقی دہلی میں کالندی کنج میٹرو اسٹیشن کے قریب کنچن کنج علاقے میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ میں آگ لگنے سے 53 سے زائد جھونپڑیاں مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئی ہیں۔
آتشزدگی کے دوران وہاں پر پچاس سے زائد پناہ گزین رہائش پر تھے جس میں تقریبا 53 خاندان آباد تھے۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ آگ سازش کے طور پر لگائی گئی ہے ایک ماہ قبل ہی یہاں پر بلڈوزر کے ذریعے ان کی آبادی کو اجاڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ اب تک آگ لگنے کے پیچھے کی وجہ معلوم نہیں ہو پائی ہے۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے جلد ہی اس بات کا پتہ لگ جائے گا کہ یہ آگ کیوں اور کیسے لگی؟