دہلی کے بوراڑی اسمبلی حلقہ کے گلی نمبر 3 میں سڑکیں گزشتہ ایک سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ساتھ ہی گندگی اور غلاظت کا انبار بھی ہے جس کے باعث مقامی افراد کو آمد و رفت میں گوناگوں دقتوں، پریشانیوں اور مصائب سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لگ بھگ ایک سال قبل رکن اسمبلی سنجیو جھا نے ان گلیوں میں سیوریج لائن بچھانے کے لئے تمام گلیوں کی کھدائی کرائی اور گٹر کی پائپ لائن بچھا دی گئی، جس کی وجہ سے واٹر بورڈ کی کئی واٹر پائپ لائنیں ٹوٹ گئیں اور وہ ٹوٹی پائپ لائن کو عجلت میں جوڑ کر اپنی ذمہ داریوں سے لوگ فارغ ہوگئے لیکن پانی کا لیکیج بند نہیں ہو سکا اور اس کی وجہ سے لوگ گندے پانی کے مسئلے سے نبرد آزما ہیں اور گندا بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں۔
سیوریج لائنیں بچھانے کے لئے کھدائی کرنے والی سڑکیں آج تک درست نہیں کی گئیں ہیں۔ جس کی وجہ سے نالوں کا پانی بھی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے جس سے ہر طرف غلاظت پھیل جاتی ہے، اس دوران لوگوں کو آمد و رفت میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔