قومی دارلحکومت دہلی کے کستوربا گاندھی مارگ میں وائبرنٹ نارتھ ایسٹ کے موضوع پر ایک پرورگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ایگزیکٹیو ممبر اور مسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ اندریش کمار مہمان خصوصی کے طورپر موجود تھے۔ اس پروگرام میں شمال مشرق ریاستوں کے فنکاروں نے ثقافتی پروگرامز پیش کئے۔ اس پروگرام میں بی جے پی کے قومی ترجمان ٹام وڈاکن، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ایس فانگنوک کونیان، بھارتیہ کرسچن منچ کے پرتاپ پالا اور مسلم نیشنل فورم کے قومی میڈیا انچارج شاہد سعید بھی موجود تھے۔
اس دوران سنگھ لیڈر اندریش کمار نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو شمال مشرق کے ثقافتی ورثے سے متعارف کرانے کا یہ پروگرام قابل ستائش ہے۔ شمال مشرق کے لوگ ملک کی ترقی میں ہمیشہ آگے رہتے ہیں۔ آزادی کی لڑائی ہو یا آزادی کے بعد، ملک کو ترقی یافتہ قوم بنانے کے لیے کام کرنا ہو ہر سرگرمیوں میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ اندریش کمار نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت کے آنے کے بعد شمال مشرق کی ترقی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اس کی وجہ سے تمام ریاستوں میں کئی نئے پروجیکٹ شروع ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بنیادی سہولیات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شمال مشرقی ریاستوں میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی بھی بڑھ رہی ہے۔