اردو

urdu

ETV Bharat / state

Jamiat Ulema Hind جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے میوات میں مزید تین مساجد کی مرمت مکمل - میوات فسادات میں تباہ مساجد کی مرمت

بازار والی مسجد ہوڈل میں فساد کے بعد پہلی بار جمعہ کی نماز پڑھائی گئی۔ ائمہ کرام نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔ Repair of three more mosques in Mewat completed by Jamiat Ulema Hind

جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے میوات میں مزید تین مساجد کی مرمت مکمل
جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے میوات میں مزید تین مساجد کی مرمت مکمل

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 8, 2023, 10:30 PM IST

دہلی: بازار والی مسجد ہوڈل میں فساد کے بعد پہلی بار جمعہ کی نماز پڑھائی گئی۔ ائمہ کرام نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔ میوات فساد میں 14 مساجد کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ان علاقوں میں مولانا محمود مدنی کی سربراہی میں جمعیت علماء ہند شروع سے بازآبادکاری اور قانونی امداد کا کام کر رہی ہے، اس کی کاوشوں سے آج مزید تین مسجدوں کی مرمت مکمل ہوئی۔ آج جمعہ کی نماز کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی و دیگر اکابر کے ہاتھوں ان مساجد کا افتتاح عمل میں آیا۔

شاہی جامع مسجد سوہنہ کے افتتاح پر قبلِ جمعہ مولانا شیر محمد امینی نائب صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنچاب نے اہم خطاب کیا اور جمعیۃ علماء کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ نماز جمعہ امام مولانا عمران محمد کلیم کاشفی نے پڑھائی۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے بعد جمعہ اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ دنیاوی مصائب ہمارے ایمان کا امتحان ہیں، ہمیں صبر و استقامت کے ساتھ اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور مایوسی سے اجتناب کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہندستان ہمارا وطن ہے، اللہ رب العزت نے ہمیں یہاں پیدا کرکے اس سرزمین کو ہمارے لیے منتخب کیا ہے، اس لیے اس وطن کی تعمیر و ترقی میں ہمیں ہر طرح سے حصہ لینا ہے اور اسے بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ جو لوگ ہمیں اس وطن میں کنارہ کرنا چاہتے ہیں وہ نہ کبھی کامیاب ہوئے ہیں، نہ ہوں گے اور نہ کوئی ہمیں اپنے وطن سے جدا کرسکتا ہے۔

مولانا حکیم الدین قاسمی نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ اپنی نسل نو کے ایمان، اخلاق اور بلندی تک پہنچنے کے ان کے اندر موجود جوہر کی حفاظت کریں، اگر آپ نے اسے ضائع کردیا تو نہ صرف آپ کا مستقبل بلکہ پوری ملت اور ملک کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ جمعیۃ علماء ہند کی سو سالہ تاریخ کی عظمت کی نشانی ہے کہ اس نے کبھی بھی مذہب اور فرقہ کو دیکھ کر اپنی پالیسی نہیں بنائی بلکہ اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز کی پاسبانی کو اپنا نصب العین بنایا۔

اس مسجد کے علاوہ آج عیدگاہ والی مسجد ہوڈل ضلع پلول کا افتتاح مولانا محمد یحییٰ کریمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب نے کیا، جس کے امام مولانا محمد عابد ہیں جب کہ متولی ادریس پہلوان ہیں۔بازار والی مسجد ہوڈل ضلع پلول کا افتتاح قاری محمد اسلم بڈیڈوی ناظم جمعیۃ علماء میوات نے کیا، اس مسجد کے امام مولانا محمد عمر فاروق ہیں، جب کہ متولی نواب الدین بھائی ہیں۔

اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا محمد عابد امام مسجد عیدگاہ والی ہوڈل نے کہا ہے کہ سب سے پہلے میں جمعیۃ علماء ہند کا شکر گزار ہوں کہ جس دن ہماری مسجد پر حملہ ہوا، اس کے فوراً بعد جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کی ٹیم یہاں پہنچی اور انھوں نے بلا تاخیر مسجد کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا۔ محض ایک ماہ کے اندر ہماری مسجد دوبارہ آباد ہوگئی اور آج باضابطہ نماز جمعہ ادا کی گئی تو ہم لوگ ان کی حوصلہ افزائی اور امداد کا شکریہ ادا کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: Jamia Alumnus Rashid Khan جامعہ کے سابق طالب علم راشد خان نے اسرو کے شمسی اور قمری مشن میں اہم کردار ادا کیا


انھوں نے کہا کہ ہوڈل میں مسلمان بہت اقلیت میں ہیں۔ بازار والی مسجد کے امام مولانا محمد عمر فاروق نے کہا کہ ہم سب لوگ بہت غمگین تھے، ایسے وقت میں جمعیۃ علماء ہند کی ٹیم امید کا فرشتہ بن کر آئی، اس نے نہ صرف یہ کہ مقامی پولس کے تعاون سے مسجد کا معائنہ کیا بلکہ تعمیر نو کا بھی اعلان کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details