اردو

urdu

ETV Bharat / state

Old Quranic Version: ایران کلچر ہاؤس میں قدیم قرآنی نسخے کی بحالی - ہر صفحہ پر ایک مثلث ہے

یہ قرآن کئی سالوں سے بروڈا کی جامع مسجد میں رکھا گیا تھا جہاں رمضان المبارک میں ہی اس قرآن کو دیکھنے کے لیے کھولا جاتا تھا تاہم سنہ 2005 میں بارش سے یہ قدیم نسخہ خراب ہوگیا تھا۔

Long quran
Long quran

By

Published : Aug 13, 2021, 1:21 PM IST

Updated : Aug 13, 2021, 1:39 PM IST

ایرانی خطاط محمد غوث 18ویں صدی میں گجرات کے بروڈا علاقے میں آئے تھے۔ اس وقت وہاں گائکواڈ خاندان کی حکومت تھی۔ اسی دوران راجہ کے کہنے پر ایرانی خطاط نے ایک میٹر چوڑا اور ڈیڑھ میٹر لمبا قرآن مجید لکھ کر تیار کیا، یہ قرآن 18 برس کی مدت میں تیار ہوا جسے کاجل کی روشنائی سے لکھا گیا، اس کا وزن 1 ہزار کلو گرام ہے جب کہ یہ 15 جلدوں سمیت 1200 صفحات پر مشتمل ہے.

Long quran

اس قدیم قرآنی نسخے کے صفحوں کے چاروں طرف کالی اور باریک لائن سے بارڈر پر گولڈن اور نیلی لائن، اس کے بعد لال اور کالی لائن پھر گولڈن کالی موٹی لائن سے بارڈر بنی ہوئی ہے، جس میں کاجل سے آیات اور ان کا فارسی ترجمہ لال رنگ سے لکھا ہوا ہے نیز سطروں میں جگہ جگہ آیت کی علامات لال کالے اور مختلف رنگوں سے نقاشی کے ساتھ بنی ہوئی ہیں۔ ہر صفحہ پر ایک مثلث ہے اور اس کے اندر مختلف پھول اور بیل بوٹوں کی نقاشی کی گئی ہے، خطاط نے صفحات کے وسط میں بھی نقاشی کی ہے جو دیکھنے میں خوشنما دکھائی دیتی ہے۔

یہ نادر قرآنی نسخہ کئی سالوں سے بروڈا کی جامع مسجد میں رکھا گیا تھا جہاں رمضان المبارک میں ہی اس قرآن کو دیکھنے کے لیے کھولا جاتا تھا تاہم سنہ 2005 میں بارش سے یہ قدیم نسخہ خراب ہوگیا، جس کے بعد انٹرنیشنل نور مائِکرو فلم سینٹر دہلی نے اس نسخے کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا، یہ کام ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری کی نگرانی میں چل رہا ہے۔

سنہ 1783 میں جب اس قرآنی نسخے کو لکھا گیا تھا تب بھارت کی سرکاری زبان فارسی ہوا کرتی تھی جس کی وجہ سے اس کا فارسی ترجمہ لکھا گیا، اب جب کہ اس قرآنی نسخہ کو بارش کے پانی سے کافی نقصان پہنچا ہے تو ایران کلچر ہاؤس اسے دوبارہ پہلے جیسا بنانے کے لیے 10 برس سے اس پر کام کر رہا ہے، 15 جلدوں پر مشتمل اس قرآن کی اب تک 4 جلدوں کو ٹھیک کیا جاچکا ہے۔

بڑودہ کے اس قرآن مجید کی خصوصیات کچھ اس طرح ہیں کہ ہر آیت کا ترجمہ اس کے نیچے فارسی زبان میں لکھا گیا ہے اور حاشیہ پر مُلّا حسین واعظ کاشانی کی تفسیر صفحات پر لکھی ہے، نسخہ پر بین السطور سونے کے پانی کا استعمال کیا گیا ہے۔ ہر صفحے کی تذہیب دوسرے صفحات سے منفرد ہے۔

اس نسخہ پر سورتوں کا نام جلی لال قلم سے لکھا گیا ہے نیز سورہ مکی، مدنی اور نمبر شمار جیسی معلومات لال قلم سے لکھی گئی ہیں۔

اس نسخہ کی اکثر جلدیں اس وقت بارش کے پانی سے خراب ہوگئی تھیں، جب ایران کلچر ہاؤس کے انٹرنیشنل نور مائیکرو فلم سینٹر کے رئیس نے بروڈا شہر کا سفر کیا اور قرآن کی زیارت کے لیے وہاں کی جامع مسجد گئے تو مسجد کمیٹی نے قرآن کی مرمت کے لیے درخواست کی تو انہوں نے اس ذمہ داری کو قبول کرلیا۔

مزید پڑھیں: نادر قرآنی نسخہ ایک لاکھ 37 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں فروخت

ایران کلچر ہاؤس کے انٹرنیشنل نور مائیکرو فلم سینٹر کی ٹیم نے نسخہ کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے کسی کیمیکل کا استعمال نہیں کیا بلکہ سبزیوں کے رنگ کا استعمال کیا جس کی وجہ سے قرآن اپنی پرانی حالت میں آگیا ہے۔

ایران کلچر ہاؤس کے خطاط سید ابو حیدر زیدی نے صفحات کی عبارتیں، آیات، ترجمہ اور حاشیہ میں اس بات کا خیال رکھا کہ خطاط بدلنے کا بھی شک نہ ہوسکے جس انداز اور خط میں آیات لکھی ہوئی تھیں اسی انداز میں آیات کو لکھ کر اپنے فن کا اظہار کیا گیا ہے۔

Last Updated : Aug 13, 2021, 1:39 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details