لال قلعہ پر تشدد کیس میں ملزم دیپ سدھو اور دیگر ملزمان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دہلی کی تیس ہزاری عدالت میں آج پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ دیپ سدھو کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے ہریانہ کے کرنال سے گزشتہ 9 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ اس تشدد میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ 19 جون کو عدالت نے دہلی پولیس کی جانب سے اس معاملے میں دائر چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گجیندر ناگر نے دیپ سدھو سمیت تمام ملزمان کو آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 جنوری کو لال قلعہ پر قبضہ کرنے کے لئے ایک سازش رچی گئی تھی اور لال قلعہ کو احتجاج کا مرکز بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 'اس تشدد کے ذریعہ مرکزی حکومت کو بدنام کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔'