عدالت عظمی تنور کی اس عرضی پر فوری سماعت کے لیے تیار ہوگئی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ عدالت لکڑی کی جگہ پختہ تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کرے اور مندر احاطے میں تالاب کو بھی شامل کیا جائے جو مندر کا ہی حصہ ہے۔
روی داس مندرمعاملہ: عرضی پر سماعت 25 نومبر کو - سابقہ حکم میں ترمیم
ہریانہ کانگریس کے سابق صدر اشوک تنور نے دارالحکومت دہلی کے تغلق آباد میں منہدم روی داس مندر معاملے میں سابقہ حکم میں ترمیم کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جس پر 25نومبر کو سماعت ہوگی۔
اس معاملے میں تنور اور سابق وزیر پردیپ جین کی طرف سے سینئر وکیل وکاس سنگھ نے جسٹس ارونا مشرا کی بنچ سے اس معاملے کی جلد سماعت کرنے کی درخواست کی تھی۔ بنچ نے معاملے کی سماعت کے لیے 25 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
خیال رہے کہ 21اکتوبر کو سپریم کورٹ نے ایک اہم حکم جاری کرتے ہوئے اسی جگہ پر مندر بنانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس مشرا کی صدارت والی بنچ نے مرکزی حکومت کی اس تجویز کو منظوری دی تھی جس میں 200مربع میٹر کی جگہ 400مربع میٹر جگہ مندر کی تعمیر کے لیے دینے کی بات کہی گئی ہے۔