اردو

urdu

ETV Bharat / state

علیحدہ وزیراعظم مانگو گے تو دفعہ 370 اور 35 اے ختم کریں گے: راجناتھ سنگھ - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لئے علیحدہ وزیر اعظم کا مطالبہ جاری رہا تو ہمارے پاس دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو ختم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ملی ٹینسی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور ہتھیاروں اٹھانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

rajnath

By

Published : Apr 9, 2019, 12:02 AM IST


راجناتھ سنگھ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز بھدرواہ، مڑھ اور سچیت گڑھ میں خطہ جموں کی دو پارلیمانی نشستوں کے بھاجپا امیدواروں جگل کشور شرما اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے ریاست میں وزیر اعظم کے عہدے کی بحالی سے متعلق حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا 'مجھے دکھ اور افسوس ہورہا ہے کہ جموں وکشمیر کی قیادت ایک لمبے وقت کن وزرائے اعلیٰ نے کی ہے۔ وہ لوگ کہتے ہیں کہ جموں وکشمیر میں دوسرا وزیر اعظم ہونا چاہیے۔ میں کانگریس اور دوسری سبھی سیاسی جماعتوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ سابق وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر آپ کا کیا کہنا ہے؟ کیا آپ بھی چاہتے ہیں کہ بھارت میں دو وزیر اعظم ہونے چاہیے؟ میں دو ٹوک لفظوں میں کہنا چاہتا ہوں کہ دو وزیر اعظم کی بات اگر اٹھتی ہے تو پھر ہمارے پاس بھی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے ختم کرنے کے بغیر دوسرا کوئی آپشن نہیں بچتا ہے'۔

وزیر داخلہ نے وادی کشمیر میں ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی بات کرتے ہوئے کہا 'میں جموں وکشمیر کے لوگوں سے یہ کہنے کے لئے آیا ہوں کہ دہشت گردی کے تئیں ہماری زیروٹالرنس کی پالیسی ہے۔ کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو بات کرے۔ یہ ہمیں منظور ہے۔ لیکن اگر کوئی ہتھیار اٹھانے کی کوشش کرے گا تو جس حد تک جواب دینے پڑے گا ہماری سرکار پیچھے نہیں ہٹے گی۔ یہ نہیں چلے گا'۔

انہوں نے کہا 'میں بھارت کے وزیر داخلہ کی حیثیت سے کئی بار کشمیر گیا ہوں۔ ہاتھ پھیلاکر میں نے کہا کہ میں کشمیر کے لوگوں سے بات کرنا چاہتا ہوں۔ عام لوگوں کی بات نہیں کرتا ہوں۔ وہ ملتے تھے۔ کشمیر کے لوگ بہت ہی اچھے ہیں۔ جو لوگ کشمیریوں کے مسیحا بننے کی کوشش کرتے ہیں اور جنہیں علاحدگی پسند کہتے ہیں، میں نے ان سے کہا کہ آپ بات کرنا چاہتے ہو تو میں آپ سے بات کرنے کے لئے تیار ہوں'۔

انہوں نے کہا 'میں نے اس وقت کی وزیراعلیٰ سے بھی کہا کہ میری نہیں سنتے ہیں تو آپ ان سے کہئے کہ ہم سے بات کریں۔ جمہوریت کے دائر میں بات کرکے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ لیکن وہ بات کرنے کے لئے ہی تیار نہیں'۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ محفوظ جموں وکشمیر میں محفوظ بھارت کا راز مضمر ہے۔ ان کا کہنا تھا 'ہماری سرکار کا جہاں تک سوال ہے دہشت گردی کے خلاف ہماری زیرو ٹالرنس کی پالیسی رہے گی۔ ہم دہشت گردی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ جہاں یہ مسیج جانا چاہیے وہاں یہ چلا گیا ہے۔ قومی سیکورٹی کے ساتھ ہم سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ جب تک جموں وکشمیر محفوظ نہیں ہوگا دیس محفوظ نہیں ہوگا'۔

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کی جماعت پھر سے اقتدار میں آنے پر جموں میں ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کے اراکین کو تنخواہیں دے گی۔
ان کا کہنا تھا 'وی ڈی سیز بغیر تنخواہ کے نہیں رہیں گے۔ ہم انہیں بھی تنخواہ دیں گے۔ ہم ناانصافی نہیں ہونے دیں گے'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details