نئی دہلی: بھارتی ریلوے نے شمال مغربی دہلی کی شکور بستی میںریلوے کی زمین پر غیر قانونی طور پر بنائی گئی 70 سے 80 جھگی جھوپڑی کو منہدم کر دیا، اس کے بعد یہاں کے مکینوں میں انتظامیہ کے خلاف شدیدی ناراضگی ہے اور الزام لگایا کہ انہیں کارروائی کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی نوٹس دیا۔ یہ انہدامی کارروائی جمعہ کے دن کی گئی ہے۔
ناردرن ریلوے کے ایک ترجمان نے کہا کہ ریلوے کی طرف سے سول پولیس اور آر پی ایف کی موجودگی میں تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس دے کر توڑ پھوڑ کی گئی اور آنے والے منصوبوں کے پیش نظر تقریباً 22,000 مربع میٹر زمین کو صاف کر دیا گیا ہے۔ وہیں ریلوے ٹریک کے قریب رہنے والے لوگوں نے کہا کہ ہمیں پہلے اطلاع نہیں دی تھی اور آج براہ راست بلڈوزر لے آئے ۔ تقریباً 70 سے 80 جھگیوں کو مسمار کردی گئیں۔ ان جھگیوںمیں تقریباً 300 سے 350 لوگ رہائش پذیرتھے۔