دہلی: آج اپوزیشن کے مزید 49 ارکان کو لوک سبھا سے معطل کر دیا گیا۔ ان میں فاروق عبداللہ، ششی تھرور، منیش تیواری شامل ہیں۔ گذشتہ روز پیر کو ریکارڈ 78 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا تھا۔ گزشتہ دو دنوں میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے کل 141 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا۔
اپوزیشن ارکان وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں چوک کے معاملہ پر ایوان میں بیان دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس پورے معاملے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے آپ سب دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ اور وزیراعظم ایوان کے باہر اس معاملہ پر بیان دے سکتے ہیں تو پھر ایوان میں جواب کیوں نہیں دے رہے ہیں۔