نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ کیے جانے کے خلاف پیر کو کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا جارہا ہے۔ راہل گاندھی کی رکنیت کو لے کر دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی طرف سے زبردست ہنگامہ آرائی کے بعد کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک جبکہ لوک سبھا کی کارروائی 4 بجے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
راہل گاندھی اور اڈانی کے معاملے پر اپوزیشن پارٹی کے اراکین پارلیمان نے سیاہ کپڑے پہن کر پارلیمنٹ میں گاندھی مجسمہ کے قریب زبردست احتجاج کیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور یو پی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی بھی احتجاج میں شامل ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اجلاس کی حکمت عملی کے حوالے سے سینئر وزراء سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں امت شاہ، انوراگ ٹھاکر، دھرمیندر پردھان، گڈکری، نرملا سیتارامن، پیوش گوئل سمیت کئی سینئر وزراء موجود تھے۔
بتا دیں کہ راہل گاندھی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد ہفتہ کو سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی گئی ہے۔ اس عرضی میں مجرمانہ معاملے میں سزا پانے کے بعد رکن اسمبلی یا رکن پارلیمان کو نااہل قرار دینے کی دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اس درخواست میں عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 8(3) کے آئینی جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ یہ درخواست ایڈوکیٹ مرلیدھرن نے دائر کی ہے۔