نئی دہلی:کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو منی پور تشدد معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا اور متاثرہ ریاست میں امن بحال کرنے میں ناکامی پر مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے ریاست میں تازہ تشدد میں نو افراد کی ہلاکت کے بعد پی ایم مودی پر بھارت میں امن کو ناکام بنانے کا الزام لگایا۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست نے 40 دنوں سے منی پور کو جلا دیا ہے، جس میں سو سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں۔ وزیر اعظم بھارت میں امن کو بحال کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور مکمل طور پر خاموش ہیں۔ تشدد کے اس چکر کو ختم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے ایک آل پارٹی وفد کو ریاست میں بھیجا جانا چاہیے۔ آئیے اس نفرت کے بازار کو بند کریں اور منی پور کے ہر دل میں محبت کی دُکان کھولیں۔
واضح رہے کہ منی پور میں بدھ کو تازہ تشدد میں نو افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔ ریاست میں گزشتہ ماہ سے نسلی تشدد دیکھا گیا ہے۔ وہیں پرینکا گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ منی پور کی صورت حال بہت پریشان کن ہے اور یہ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی ہے کہ مرکزی حکومت منی پور کے لوگوں کی حفاظت اور امن کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات نہیں کر رہی ہے۔