کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ملک میں جو حالات ہیں، ایسے میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے اور آگے نکل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کام مرکزی حکومت اکیلے نہیں کرسکتی بلکہ اس کے لئے ریاستوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 'کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی اور کئی اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ان حالات سے اور بہتر طریقے سے نمٹ سکتے ہیں۔ اس لئے مرکزی حکومت کو کورونا کے خلاف لڑائی کو ضلع سطح تک لے جانے کی ضرورت ہے۔'
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا وائرس کی وبا کو ایک شدید چیلنج بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اکیلے اس سے نہیں لڑ سکتی اس لئے اسے ریاستی حکومتوں کو ساتھ لے کر شفافیت کے ساتھ اس کا سامنا کرنا چاہئے اور حکمت عمل بناتے ہوئے لاک ڈاؤن کھولنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز کو وزرائے اعلی اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹز پر بھروسہ کرکے ہی لڑائی کو لڑنا ہے۔ ایک دوسرے پر بھروسہ نہیں ہوگا تو بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگا۔ اس لئے کام میں شفافیت اپناتے ہوئے کورونا کے خلاف ضلع سطح پر لڑنے کی ضرورت ہے۔ اس لڑائی کو وزیراعظم کے دفتر سے نہیں بلکہ ضلع سطح پر لے جاکر لڑنا ہوگا تب ہی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔