'رفائل معاہدہ کے دستاویزات وزارت دفاع سے چوری' - Attorney General
سماجی کارکن اور وکیل پرشانت بھوشن نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے رفائل ڈیل معاہدے کے تعلق سے عدالت کو گمراہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے رفائل معاہدہ کو کلین چٹ دیئے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے عرضی داخل کی گئی تھی جس پر آج سماعت ہو ئی۔
عرضی کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی پیروی کرتے ہو ئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ رفائل معاہدہ کے دستاویزات وزارت دفاع سے چوری ہوگئے ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں کئے جاسکتے۔ نیز یہ قومی سلامتی کا بھی معاملہ ہے۔
کے کے وینو گوپال نے کہا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہے اور چوری شدہ دستاویزات پر عدالت بھروسہ نہیں کرسکتی۔ یہ واقعہ سرکاری راز کے تحت آتا ہے۔
رفائل معاہدہ کا دفاع کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستانی فضائی کے پاس برتر ایف 16 جنگی طیارے ہیں اور بھارتی فضائیہ اس کا مقابلہ پرانے مگ سے کیا ہے، ہمیں ایف 16 سے مقابلہ کے لیے رفائل کی ضرورت ہے۔
اس دوران سماجی کارکن اور وکیل پرشانت بھوشن نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے عدالت میں رفائل ڈیل میں جھوٹ بولا ہے۔ عدالت میں کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور حقائق کو غلط طریقہ سے پیش کیا گیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا صحافی و سیاست داں ارون شوری اور سماج کارکن و وکیل پرشانت بھوشن کے علاوہ سیاست داں سنجے سنگھ نے مشہور انگریزی روزنامہ دی ہندو میں رفائل ڈیل پر چھپنے والی رپورٹ کے بعد عدالت میں عرضیاں داخل کی تھیں۔