قومی دارالحکومت دہلی کے تری لوک پوری بلاک 6 میں چھ سالہ معصوم بچی کو بدھ کے روز اس کے پڑوس میں رہنے والے 34 سالہ نوجوان نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ ابھی بھی بچی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حالانکہ علاقے کے لوگوں کے ہنگامے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
متاثرہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ان پر معاملے کو دبانے کا دباؤ ڈال رہی تھی۔ ملزم پہلے بھی ایسی واردات کو انجام دے چکا ہے۔ کچھ روز قبل دارالحکومت دہلی کے ناگل علاقہ میں بھی ایک دلت لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
ان واردات کے خلاف علاقے کے مسلمانوں نے بھی زبردست احتجاج کیا۔ اس میں سماجی کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ ہندو مسلم ایکتا زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے لوگوں نے ملزم کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔