نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ ٹورازم نے ٹورازم اور ہاسپٹالیٹی کے میدان میں ماحولیات کے تحفظ کے تئیں اپنی پیہم کوششوں کے اظہار کے لیے ماحولیات کا عالم دن منایا۔ اس موقع پر شعبے کی صدر پروفیسر سارہ حسین نے ٹورازم سیکٹر کے اندر ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت اور اس کے لیے لگاتار اور پیہم کی جانے والی کوششوں سے متعلق اپنے بیش قیمت افکار کا اظہار کیا۔
پروفیسر نمت چودھری نے ماحول کو محفوظ رکھنے اور ذمہ دار ٹورازم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر نصرت یاسمین (طلبا مشیر) ڈاکٹر عبد القادر، ڈاکٹر ونے کمار دیو اور دیگر فیکلٹی اراکین نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنے گراں قدر مشورے، تعاون اور رہنمائی سے نوازا۔ پروگرا م کی ابتدا حلف تقریب سے ہوئی جس میں فیکلٹی اراکین اور طلبا نے ماحول کو محفوظ اور سلامت رکھنے کا عہد لیا۔ تخلیقی اظہار اور تنقیدی غور وفکر کو فروغ دینے کی غرض سے مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔ شرکاء کو مدعو کیا گیا کہ ماحولیاتی سلامتی اور تحفظ،پائے دار ٹورازم اور سبز و خوش حال مستقبل کے فروغ میں ہاسپٹالیٹی انڈسٹری کے رول سے متعلق اپنے تناظرات پیش کریں۔