مدھوسودن مستری کے زیرقیادت کانگریس مرکزی الیکشن اتھارٹی کی سربراہی میں پارٹی کے صدر کے انتخاب کے لیے عمل شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے ریاستی اکائیوں سے کہا ہے کہ وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے ممبروں کے نام ارسال کریں جو پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ دینے کے اہل ہیں۔
جمعرات کو ریاستی صدور کو جاری کردہ ایک داخلی میمورنڈم میں مستری نے لکھا 'آپ کو اطلاع دی گئی ہے کہ اے آئی سی سی جلد سے جلد اپنا اجلاس طلب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، اور آپ کو تاریخوں اور طے شدہ جگہ سے آگاہ کیا جائے گا۔'
اتھارٹی نے شناختی کارڈ جاری کرنے کے لیے اے آئی سی سی ممبروں کے نام اور تصاویر دینے کو کہا تاکہ وہ اس میٹنگ میں شریک ہوسکیں۔
اس عمل کو پارٹی کے 23 رہنماؤں کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے جو بلاک سے سی ڈبلیو سی سطح تک تنظیم کے انتخاب اور مستقل صدر کی تقرری کا مطالبہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اگست میں کانگریس کے 23 رہنماؤں کے ذریعہ ایک خط لکھے جانے کے بعد پارٹی نے سی ڈبلیو سی کی ہنگامی میٹنگ طلب کیا تھا، جس میں کانگریس کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے پارٹی سے ناراض افراد کو نشانہ بنایا تھا اور خط کے وقت پر بھی سوال اٹھایا تھا۔
پارٹی کی عبوری سربراہ سونیا گاندھی کو بھیجے گئے خط میں قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا تھا، یہاں تک کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ کے وزرائےاعلیٰ نے راہل گاندھی سے پارٹی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کی درخواست کی تھی۔
سونیا گاندھی نے پارٹی کے اعلی عہدے سے سبکدوش ہونے کی پیش کش کی لیکن سابق وزیراعظم اور کانگریس کے تجربہ کار رہنما منموہن سنگھ نے اسے مسترد کردیا اور ان سے اپنے عہدے پر قائم رہنے کی درخواست کی تھی۔
کانگریس کے متعدد رہنماؤں نے راہل گاندھی کو پارٹی سربراہ کے طور پر بغیر تاخیر واپس لینے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ، پارٹی نے واضح کیا کہ سی ڈبلیو سی اجلاس میں اس معاملے پر بات ہوگی۔