دہلی:کانگریس کے سینئر رہنما اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت اور کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے ملک میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن کانگریس ان کی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو کسی کی عزت و احترام کی پرواہ نہیں ہے۔ اگر کسی خاتون کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے تو اسے عزت کے ساتھ بلایا جانا چاہیے تھا لیکن اس حکومت کے پاس کسی کی عزت و احترام کا کوئی معنی نہیں۔ ملک میں خوف کا ماحول ہے اور گاندھی خاندان کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سونیا گاندھی کے خلاف درج کیس کے پیش نظر اگر ان سے پوچھ گچھ کرنی ہوتی تو ان سے گھر پر ہی پوچھ گچھ کی جا سکتی تھی، لیکن ای ڈی، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور محکمہ انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں پر دباؤ ڈال کر اپوزیشن رہنماؤں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی مرتبہ ای ڈی نے اسی معاملے میں کانگریس رہنما راہل گاندھی کو بلایا اور 50 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی۔ پورے ملک نے دیکھا کہ انہیں کس طرح ہراساں کیا گیا اور اب سونیا گاندھی کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے، اس پوچھ گچھ میں جیسے ایک خاتون کا احترام ہونا چاہیے تھا، اس کا خیال نہیں رکھا گیا۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے ایک مضبوط خاتون رہنما کے طور پر کام کیا ہے اور سب نے ان کا کام دیکھا ہے۔ اس سے پہلے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی مضبوط خاتون تھیں جنہوں نے پاکستان کو ناکوں چنے چبوائے جس کے بعد پاکستان کے 90 ہزار فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے پڑے تھے۔ ایسا دنیا میں پہلی بار ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جس ذہنیت کے ساتھ کام کر رہی ہے اور جس طرح سے کام کر رہی ہے وہ انتہائی نچلی سطح کا رویہ ہے۔ اس حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے دور میں قانون سب کے لیے یکساں نہیں ہے۔ ان کا ایک قانون اپوزیشن کے لیے ہے اور دوسرا ان کے پسندیدہ رہنماؤں کے لیے ہے۔ سونیا گاندھی کو بھیجے جانے کے سمن پر انہوں نے کہا کہ جس معاملے میں سونیا گاندھی کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے، وہاں ای ڈی انہیں طلب نہیں کر سکتی، اس لیے انہیں بتانا چاہیے کہ کیا واقعی اس معاملے میں سونیا گاندھی کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Sonia Gandhi Appears Before the ED: سونیا گاندھی ای ڈی کے سامنے پیش ہوئیں