نئی دہلی:کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرانے بی جے پی کی طرف سے اپنے بھائی اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو 'راون' کے طور پر پیش کرنے والے گرافک پر سخت اعتراض جتایا ہے ۔ انہوں نے بھگوا پارٹی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے اشتعال انگیز ٹویٹس پوسٹ کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کی۔ ایکس پوسٹ کرتے ہوئے پرینکا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے پوچھا کہ وہ سیاست اور بحث کو کس درجہ تنزلی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں؟۔ پرینکا نے پوچھا ہے کہ ، کیا آپ اپنی پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے پوسٹ کیے جانے والے پرتشدد اور اشتعال انگیز ٹویٹس سے اتفاق کرتے ہیں؟
پرینکا نے ایکس پر ہندی میں ایک تبصرہ پوسٹ کرتے ہوئے کہا: " قابل احترام نریندر مودی جی اور جے پی نڈا ، آپ سیاست اور بحث کو کس سطح پر لے جانا چاہتے ہیں؟ کیا آپ سرکاری ٹویٹر سے پوسٹ کیے جانے والے پرتشدد اور اشتعال انگیز ٹویٹس سے اتفاق کرتے ہیں؟ اپنی پارٹی کو سنبھالیے؟ زیادہ وقت نہیں گزرا اور آپ نے سچائی کا عہد لیا تھا، کیا تم وعدوں جیسے عہد بھول گئے؟"