نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آج صبح 10:30 بجے ویر ساورکر بین الاقوامی ہوائی اڈے، پورٹ بلیئر کی نئی مربوط ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے۔ پیر کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک ریلیز میں یہ معلومات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئی ٹرمینل عمارت تقریباً 710 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے، جو مرکز کے زیرانتظام ریاست انڈمان اور نکوبار کے لیے رابطے کی سہولیات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تقریباً 40,800 مربع میٹر کے کل تعمیر شدہ رقبے کے ساتھ نئی ٹرمینل عمارت سالانہ تقریباً 50 لاکھ مسافروں کو سنبھالنے کی اہل ہو گی۔
وہاں ہوائی اڈے نے 80 کروڑ روپے کی لاگت سے دو بوئنگ-767-400 اور دو ایئربس-321 قسم کے طیاروں کے لیے موزوں ایپرن بھی بنائے ہیں، جس سے یہ ہوائی اڈہ ایک وقت میں دس طیارے پارک کرنے کے قابل ہو گیا ہے۔ بیان کے مطابق اس کا فطرت سے متاثر تعمیراتی ڈیزائن ایک شنخ کی شکل کا ڈھانچہ ہے جس میں سمندر اور جزیروں کو دکھایا گیا ہے۔