نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے کو خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ملک کی آدھی آبادی کو ناری شکتی وندن ادھینیم کی صورت میں بڑی طاقت ملی ہے۔ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ جو گزشتہ 30 برسوں سے زیر التوا تھا، اب دونوں ایوانوں سے ریکارڈ ووٹوں سے منظور ہو گیا ہے۔
سوچئے یہ کتنی بڑی کامیابی ہے۔ ریزرویشن کا یہ مطالبہ اس وقت سے ہو رہا تھا جب آپ میں سے اکثر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ ایک طرح سے نئی پارلیمنٹ میں ملک کے نئے مستقبل کا آغاز ہو چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج اس روزگار میلے میں بھی ہماری بیٹیوں نے بڑی تعداد میں تقرری نامے حاصل کیے ہیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں خلا سے لے کر کھیلوں کے میدان تک کئی نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی کی اس کامیابی پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔ حکومت کی پالیسی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نئے دروازے کھولنا بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیٹیاں اب ملک کی مسلح افواج میں کمیشن حاصل کر ملک کی خدمت کی راہ پر گامزن ہیں۔ ہم سب کا تجربہ ہے کہ ناری شکتی نے ہمیشہ ہر شعبے میں نئی توانائی کے ساتھ تبدیلیاں لائی ہیں۔ ہماری آدھی آبادی کے لیے حکومت کی بہتر حکمرانی، اس کے لئے آپ کو نئے آئیڈیاز پر کام کرنا چاہیے۔
نریندر مودی نے کہا کہ آج 21ویں صدی کے ہندوستان کی امنگیں بہت زیادہ ہیں، ہمارے سماج اور حکومت سے توقعات بہت زیادہ ہیں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آج یہ نیا ہندوستان کیا کمال کر رہا ہے۔ یہ وہی ہندوستان ہے جس نے چند دن پہلے چاند پر ترنگا لہرایا۔ اس نئے ہندوستان کے خواب بہت بلند ہیں۔ ملک نے سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کا عزم کیا ہے۔
ہم اگلے چند برسوں میں تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔ آج جب ملک میں اتنا کچھ ہو رہا ہے تو ہر سرکاری ملازم کا رول بہت بڑھنے والا ہے۔ آپ کو ہمیشہ سٹیزن فرسٹ کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ آپ اس نسل کا حصہ ہیں جو ٹیکنالوجی کے ساتھ پروان چڑھی ہے۔ جدیدترین ٹکنالوجی کی جو چیزیں آپ کے والدین مشکل سے آپریٹ کرپاتے تھے ، آپ نے کھلونے کی طرح ان کا استعمال کیا ہے۔
اب آپ کو اپنے کام کی جگہ پر ٹیکنالوجی کے ساتھ اس سہولت کو استعمال کرنا ہوگا۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم ٹیکنالوجی کی مدد سے گورننس میں نئی بہتری کیسے لا سکتے ہیں؟ آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے متعلقہ شعبوں میں اپنی کارکردگی کو مزید کیسے بہتر بنا سکتے ہیں؟
ویزراعظم نے کہا کہ آپ نے گزشتہ 9 برسوں میں دیکھا ہے کہ کس طرح تکنیکی تبدیلی کی وجہ سے انظامیہ کا کام کتنا آسان ہو جاتا ہے۔ پہلے بکنگ کاؤنٹر پر ریلوے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگتی تھیں۔ ٹیکنالوجی نے اس مشکل کو آسان کر دیا ہے۔ آدھار کارڈ، ڈیجیٹل لاکر اور ای-کے وائی سی نے دستاویزات کی پیچیدگی کو ختم کر دیا ہے۔ گیس سلنڈر کی بکنگ سے لے کر بجلی کے بلوں کی ادائیگی تک سب کچھ اب ایپ پر ہو رہا ہے۔ ڈی بی ٹی کے ذریعے سرکاری اسکیموں کا پیسہ براہ راست لوگوں کے کھاتوں میں پہنچ رہا ہے۔ ڈیجیٹل یاترا نے ہمارے سفر کو آسان بنا دیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیکنالوجی نے بدعنوانی کو کم کیا ہے، ساکھ میں اضافہ کیا ہے، پیچیدگی کو کم کیا ہے اورآسانی میں اضافہ کیا ہے۔ آپ کو اس سمت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے غریبوں کی ہر ضرورت، حکومت کا ہر کام کیسے آسان ہو جائے گا، اس کام کے لیے آپ کو نئے طریقے، اختراعی طریقے ڈھونڈنے ہوں گے، اور آگے بھی لے کر جانا ہوگا۔