دہلی:اپوزیشن کی جانب سے صدارتی امیدوار کے طور پر یشونت سنہا کے نام کا اعلان کیا گیا۔ جب کہ حکمراں جماعت نے جھارکھنڈ کی قبائلی خاتون رہنما دروپدی مرمو کو ملک کی 16ویں صدر کے انتخاب کے لیے امیدوار بنایا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے ساتھ ہی گوپال کرشن گاندھی کے انکار کے بعد صدارتی امیدوار کے طور پر ٹی ایم سی کے قومی نائب صدر یشونت سنہا کو صدر کے عہدے کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ ملک کے نئے صدر کا انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے۔
یشونت سنہا ماضی میں بی جے پی کے سابق رہنما رہے ہیں اور اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ کے طور پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حالانکہ سنہا نے 2018 میں بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد 2021 میں ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن صدر جمہوریہ کے انتخابات میں امیدوار نامزد کیے جانے کے بعد گذشتہ روز ہی یشونت سنہا نے ٹی ایم سی سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔