نئی دہلی:صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو پانچ ستمبر کو نئی دہلی میں ایک تقریب میں 75 منتخب ایوارڈ یافتگان کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2023 سے سرفراز کریں گی۔ ملک ہر سال پانچ ستمبر کو ڈاکٹر سرووپلی رادھا کرشنن کے جنم دن کو اساتذہ کے قومی دن کے طور پر مناتا ہے۔ اساتذہ کو قومی ایوارڈ سے سرفراز کرنے کا مقصد ملک میں اساتذہ کے منفرد تعاون کااعتراف کرنا اور ان اساتذہ کو اعزاز دینا ہے، جنھوں نے اپنے عزم اور محنت و لگن سے نہ صرف تعلیم کے معیار کو بہتربنایا ہے بلکہ اپنے طلبا کی زندگیوں کو بھی سنوارا ہے۔ یہ ایوارڈ ایک توصیف نامہ، 50 ہزار روپے نقد اور ایک چاندی کے تمغے پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ یافتگان کو وزیراعظم جناب نریندر مودی سے بات چیت کرنے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔
وزارت تعلیم کامحکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی، ہر سال یوم اساتذہ کے موقع پر قومی سطح کی تقریب کا اہتمام کرتی ہے، جس میں ملک کے بہترین اساتذہ کو قومی ایوارڈز سے سرفراز کیا جاتا ہے، جن کا انتخاب درست طور پر و شفاف انتخابی عمل کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس سال سے، قومی اساتذہ ایوارڈ ز کے دائرہ کو وسیع کرتے ہوئے اس میں اعلیٰ تعلیم کے محکمے اور وزارت ہنرمندی کی ترقی اور صنعتکاری کے اساتذہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سال 50 اسکولی اساتذہ، اعلیٰ تعلیم کے 13 اساتذہ اور ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت کے 12 اساتذہ کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔