اتر پردیش کے نوئیڈا کے 81 گاؤں کے کسانوں نے بدھ کے روز اپنے مطالبات کو لے کر نوئیڈا اتھارٹی پر ہلہ بولا، لیکن پولیس نے موقع پر پہنچے کسانوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کل رات سے الرٹ تھی۔ کسانوں کا الزام ہے کہ منگل کو پولیس نے کسانوں کو گھر گھر جا کر دھمکی دی کہ وہ نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف عظیم تحریک میں حصہ نہ لیں۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں کسان جمع ہوئے اور نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر پہنچے۔ لیکن پولیس نے جبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 سے 150 کسانوں کو موقع سے گرفتار کرلیا ہے۔ اے ڈی سی پی رن وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ ضلع میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے اس کے باوجود کسان جمع ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دراصل نوئیڈا کے 81 گاؤں کے کسان اپنے مطالبات کے ساتھ نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر پہنچے تھے، پولیس کو منگل کو ہی کسانوں کے احتجاج کے بارے میں خبر مل گئی تھی، جس کے بعد پولیس محتاط ہو گئی۔ کسانوں نے نوئیڈا اتھارٹی کو چاروں طرف سے اپنے حصار میں لے لیا۔ بدھ کو جب کسان اپنے مطالبات لے کر نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر پہنچے تو کسانوں اور پولیس کے درمیان تکرار ہوئی۔ جس میں پولیس نے سیکڑوں کسانوں کو گرفتار کیا اور 250 کسانوں کو نوٹس پکڑادیا۔