نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 31 اکتوبر کو شام تقریباً 5 بجے کے میری ماٹی میرا دیش مہم کی امرت کلش یاترا کے اختتام کے موقع پر ایک پروگرام میں شرکت کریں گے یہ پروگرام آزادی کے امرت مہوتسو کی اختتامی تقریب کے موقع پر منعقد کیاجائے گا۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم مودی امرت واٹیکا اور امرت مہوتسو میموریل کا افتتاح کریں گے۔ وہ ملک بھر سے پروگرام میں شامل ہونے والے ہزاروں امرت کلش یاتریوں سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم ملک کے نوجوانوں کے لیے ’میرا یووا بھارت‘ (مائی بھارت) پلیٹ فارم کا بھی آغازکریں گے۔
میری ماٹی میرا دیش مہم ان ویروں اور ویرانگنوں کو ایک خراج عقیدت ہے جنہوں نے ملک کے لیے عظیم قربانی دی ہے۔ جَن بھاگیداری کے جذبے کے تحت یہ مہم ملک بھر میں پنچایت/گاؤں، بلاک، شہری بلدیاتی اداروں ، ریاستی اور قومی سطحوں پر منعقد کی جانے والی بہت سی سرگرمیوں اور تقریبات پر مشتمل ہے۔ ان سرگرمیوں میں شیلاپھلکم (یادگار) کی تعمیر شامل ہے تاکہ ان تمام بہادروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جا سکے جنہوں نے عظیم قربانی دی ہے۔ اس کے علاوہ شیلاپھلکم کے مقام پر لوگوں کے ذریعہ ’پنچ پران‘ کا عہد مقامی اور دیسی نسلوں کے پودے لگانا اور ’امرت واٹیکا‘ (وسودھا وندھن) تیار کرنا اور مجاہدین آزادی اور شہید ہونے والے مجاہدین آزادی (ویروں کا وندن) کے اہل خانہ کے لیے اعزازی تقاریب وغیرہ بھی اس مہم میں شامل ہیں۔
36 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2.3 لاکھ سے زیادہ شیلاپھلکم تعمیر کیے جانے کے ساتھ یہ ایک بہت کامیاب مہم بن گئی ہے۔جس کے دوران تقریباً 4 کروڑ پنچ پران عہد کئے جانے کی سیلفیز اپ لوڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں 2 لاکھ سے زیادہ ’’ویروں کا وندن‘‘ پروگرام منعقدکئے گئے، 2.36 کروڑ سے زیادہ دیسی پودے لگائے گئے اور پورے ملک میں وسودھا وندن موضوع کے تحت 2.63 لاکھ امرت واٹیکاؤں کی تعمیر کی گئی۔
'میری ماٹی میرا دیش' مہم میں امرت کلش یاترا بھی شامل ہے، جو دیہی علاقوں کے 6 لاکھ سے زیادہ دیہاتوں اور شہری علاقوں کے وارڈوں سے مٹی اور چاول کے اناج اکٹھا کئے جانے پر مشتمل ہے۔جسے بلاک سطح پر بھیجا جاتا ہے (جہاں بلاک میں تمام دیہاتوں کی مٹی کوملایا جاتا ہے) اور پھر اسے ریاستی دارالحکومت تک بھیجا جاتا ہے۔ ریاستی سطح سے مٹی کو ہزاروں امرت کلش یاتریوں کےہمراہ قومی دارالحکومت بھیجا جائے گا۔