نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 22 سے 24 اگست تک جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ کا دورہ کریں گے۔ وہ جنوبی افریقہ کے صدر ماتامیلا سیرل رامافوسا کی دعوت پر وہاں کا دورہ کررہے ہیں۔ جہاں وزیراعظم مودی 15ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی یونان کا بھی دورہ کریں گے۔ جہاں وہ اپنے یونانی ہم منصب Kyriakos Mitsotakis سے ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے وزیراعظم مودی کے دورے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق اپنے جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی برکس سربراہی اجلاس کے بعد ایک خصوصی تقریب 'برکس-افریقہ آؤٹ ریچ اور برکس پلس ڈائیلاگ' میں بھی شرکت کریں گے۔ جس میں جنوبی افریقہ، وزارت خارجہ کی جانب سے مدعو کیے گئے دیگر ممالک کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس دوران وزیراعظم نریندر مودی جوہانسبرگ میں موجود بعض رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ وزارت خارجہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ 2019 کے بعد یہ پہلی ہونے والی برکس سربراہی کانفرنس ہوگی۔ یہ سربراہی اجلاس برکس ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔