ملک میں کورونا وائرس کی دو ویکسین کو منظوری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس سے صحت اور کووڈ سے آزاد ہندوستان کی مہم کو طاقت ملے گی۔
وزیراعظم نے آج کئی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) کے ذریعہ انڈیا بایوٹیک کی ویکسین اور سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی کووڈ شیل کے ہنگامی استعمال کو منظوری دینا عالمی وبا کے خلاف ہندوستان کی جنگ میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔ اس مہم میں جی جان سے مصروف سائنس دانوں اور اختراع پردازوں کو نیک خواہشات اور مل کے عوام کو مبارکباد۔'
مودی نے کہا کہ 'یہ فخر کی بات ہے کہ جن دو ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کی منظور دی گئی وہ دونوں میڈ ان انڈیا ہیں۔ یہ خود کفیل ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہماری سائنسی برادری کی قوت ارادی کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ خود کفیل ہندوستان، جس کی بنیاد سروے بھونتو سوکھن سروے سنتو نرامیا ہے۔'