دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج ملک کی نئی پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ کئی اپوزیشن جماعتوں نے اس افتتاحی پروگرام کی مخالفت کی ہے اور بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔ بتادیں کہ اس مخالفت کے درمیان نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں سینگول بھی نصب کیا جائے گا۔ اسے تمل ثقافت کے مطابق نصب کیا جانا ہے۔ گزشتہ روز ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے مہنت سے ملاقات کی تھی۔ مدورائی آدھینم مندر کے چیف مہنت ہری ہر داس سوامیگل نے سینگول کو پی ایم مودی کے حوالے کیا۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ سینگول تمل ثقافت کا ورثہ رہا ہے۔اس دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج تک سینگول کو محض ایک چھڑی سمجھا جاتا تھا، لیکن اب اسے مناسب سمان مل رہا ہے۔
نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح کے موقع پر بی جے پی سمیت اس کی اتحادی جماعتیں پروگرام میں شرکت کریں گی۔ ان میں 7 غیر این ڈی اے پارٹیاں شامل ہیں ۔ بہوجن سماج پارٹی، شرومنی اکالی دل، جنتا دل (سیکولر)، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، وائی ایس آر کانگریس، بیجو جنتا دل اور تیلگو دیشم پارٹی شامل ہیں۔ وہیں کانگریس پارٹی سمیت 21 پارٹیوں نے بائیکاٹ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب صبح طلوع آفتاب کے کچھ دیر بعد شروع ہوگی۔ وزیر اعظم مودی صبح 7:15 بجے یہاں پہنچیں گے۔ پنڈال میں پوجا ساڑھے سات بجے شروع ہوگی جو ایک گھنٹے تک جاری رہیں گی۔ اس کے بعد سب لوگ لوک سبھا چیمبر کی طرف جائیں گے ۔ چیمبر میں 9 بجے تک پروگرام جاری رہے گا۔ یہاں لابی میں پرارتھنا سبھا ہوگی۔