نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو کو ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کرمبارکباد دی۔ ان کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا بھی موجود تھے۔انہوں نے بھی نئی صدر کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم نے بعد میں ٹویٹ کیا کہ دروپدی کی زندگی، ابتدائی دنوں میں ان کی جدوجہد، ان کی گہری خدمات اور ان کی شاندار کامیابی ہر بھارتی کو متاثر کرتی ہے۔ وہ ہمارے شہریوں خصوصاً غریب، پسماندہ اورحاشئے پر زندگی گزاررہے لوگوں اور دبے کچلے لوگوں کے لیے امید کی کرن ہیں۔
ایک الگ ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے کہا، 'بھارت نے آج نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب 1.3ارب بھارتی آزادی کا امرت مہوتسومنا رہے ہیں، بھارت کی قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی ایک بیٹی، جو ملک کے مشرقی علاقے کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیدا ہوئی، ہماری صدر منتخب ہوئی ہے۔ اس کامیابی کے لیے دروپدی مرمو کو مبارکباد۔
وزیر اعظم مودی نے کہا 'مرمو جی ایک بہترین ایم ایل اے اور وزیر رہیں۔ جھارکھنڈ کے گورنر کے طور پر ان کا دور قابل ذکر تھا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک بہترین صدر کے طور پر بھارت کی قیادت کریں گی۔ وہ بھارت کی ترقی کے سفر کو مزید مضبوط کریں گی۔
وہیں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ملک کی نو منتخب صدر دروپدی مرمو کو مبارکباد دی ہے۔ اوم برلا نے کہا کہ دروپدی مرمو نے لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کو آواز دی اور عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ ان کی قابل رہنمائی میں ہم وطن ایک نئے بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔