دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کی شام ہوئے ٹرین حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے اپنے ٹویٹ میں اڈیشہ ٹرین حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا انہوں نے متاثرہ کنبے سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔
اڈیشہ ٹرین حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ مرمو نے جمعہ کو ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ بالاسور میں ٹرین حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور وہ اس سے بہت دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے بچاؤ مہم کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑنے ٹرین حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے میں لوگ کے مارے جانے کی خبر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا " اس مشکل وقت میں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اڈیشہ ٹرین حادثے پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شاہ نے جمعہ کو ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ اڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثہ بہت افسوسناک ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ دیگر ٹیمیں بھی راحت اور بچاؤ کےکام کے لیے پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی طاہر کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وہیں دوسری جانب کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے جمعہ کو اڈیشہ میں ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور پارٹی کارکنوں اور لیڈروں سے اپیل کی کہ وہ بچاؤ کی کوششوں کے لیے ہر طرح کی مدد اور تعاون فراہم کریں۔ ایک ٹویٹ میں کھڑگے نے کہا 'اڈیشہ میں کورومنڈیل ایکسپریس کے خوفناک ٹرین سانحہ سے بہت دکھی ہوں۔ ہماری تعزیت اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ہم حکام سے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے اور زخمیوں کو امداد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔مسٹر کھڑگے نے کانگریس کارکنوں سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔
راہل گاندھی نے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں اور رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ بچاؤ کی کوششوں کے لیے درکار ہر طرح کی مدد کریں۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’اڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت۔ انہوں نے ایشور سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ کانگریس کے تمام کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ راحت کے کاموں میں مکمل تعاون کریں۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اڈیشہ ٹرین حادثے پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ کیجریوال نے آج ٹویٹ کیا، "اڈیشہ میں یہ دردناک ٹرین حادثہ انتہائی بدقسمتی اور تکلیف دہ ہے۔ میں ان تمام خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اس المناک حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ ایشور ان کی آتما کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو اس مشکل وقت میں ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا، "انتہائی افسوسناک حادثہ۔ ایشور مرنے والوں کی روح کو سکون عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ بڑا صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔
مزید پڑھیں: اڈیشہ میں کورو منڈیل ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 233 ہلاک، 900 سے زائد زخمی