بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد 53 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور اس وبا سے اب تک 85 ہزار 619 اموات ہوئی ہیں۔ ملک میں کووڈ-19 کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے وزیراعظم نریندر مودی 7 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کریں گے اور حالات پر غور و خوص کیا جائے گا۔
وزیراعظم 23 ستمبر کو کورونا صورتحال کا جائزہ لیں گے - بھارت میں کورونا متاثرین
بھارت میں جہاں ایک طرف کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتاجارہا ہے وہیں اس وبا سے صحتیاب ہونے کے معاملہ میں بھارت نے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں کورونا کے سب سے زیادہ مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
امکان ہے کہ وزیراعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 7 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ 23 ستمبر کورونا صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مہاراشٹرا، اترپردیش، دہلی، آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ورچول اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی کورونا وبا کے خطرات سے نمٹنے کےلیے اس سے پہلے بھی متعدد وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے 11 اگست کو ان 10 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے تبادلہ خیال کیا تھا جہاں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز درج کئے گئے تھے۔