نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ اور مصر کے پانچ روزہ دورے کے بعد اتوار کی رات دیر گئے بھارت واپس آگئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے وزیر اعظم کی وطن واپسی پر پالم ہوائی اڈے کے باہر گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور دیگر رہنماؤں سے پوچھا کہ ملک میں کیا چل رہا ہے؟ دہلی ہوائی اڈے پر نڈا اور مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ میناکشی لیکھی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دہلی کے بی جے پی اراکین پارلیمان ہرش وردھن، ہنس راج ہنس اور گوتم گمبھیر کے علاوہ پارٹی کے کئی رہنما بھی موجود تھے۔
جب ایم پی منوج تیواری سے سوال کیا گیا کہ وزیر اعظم نے ہوائی اڈے پر پارٹی رہنماوں سے ملاقات کے دوران کیا پوچھا کہ تو منوج تیواری نے بتایا کہ انہوں نے (مودی) نڈا جی سے پوچھا کہ یہاں حالات کیسے چل رہے ہیں اور نڈا جی نے انہیں بتایا کہ پارٹی رہنما ان کی نو سالہ حکومت کے 'رپورٹ کارڈ' کو لیکے عوام تک پہچ رہے ہیں اور ملک خوش ہے۔ اسی دوران بی جے پی رہنما پرویش ورما نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم نے پوچھا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اور پارٹی کے عوامی رابطہ پروگرام کی کیا حیثیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔