دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو اپنی رہائش گاہ پر ایم ایل ایز اور کارپوریٹروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ منیش سسودیا اور ستیندر جین کی گرفتاری صرف عام آدمی پارٹی حکومت کے کام کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔ تعلیم اور صحت میں ان دونوں کے کام کا دنیا میں چرچا ہے۔ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ یہ کام ہو۔ ان کی گرفتاری صرف اس لیے ہوئی ہے کہ دہلی حکومت کا کام بند ہو جائے۔
کیجریوال نے کہا کہ ان کی سوچ غلط ہے، کیونکہ عام آدمی پارٹی ایک طوفان ہے طوفان۔ ایک زمانے میں اندرا گاندھی نے بہت زیادہ کیا تھا، آج پی ایم نے بہت زیادہ کیا ہے اور جب بہت زیادہ ہوتا ہے تو قدرت اپنا کام کرتی ہے۔ اوپر والے کی جھاڑو چلے گی اور عام آدمی پارٹی کا کام دوگنی رفتار سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے اور کونسلروں کے ساتھ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 5 مارچ سے تمام ایم ایل اے، کونسلر اور وزیر دہلی میں گھر گھر لوگوں سے رابطہ کریں گے اور انہیں منیش سسودیا اور ستیندر جین کی گرفتاری کے بارے میں حقیقت بتائیں گے۔