نئی دہلی: امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر جوبائیڈن کو 2024 میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ گارسیٹی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے یہ دعوت جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ان کی دو طرفہ ملاقات کے دوران دی گئی ہے۔
گارسیٹی نے دیگر کواڈ اراکین کو دعوت دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر واضح کیا کہ وزیر اعظم مودی نے خاص طور پر کواڈ اراکین کا ذکر نہیں کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2018 میں ہندوستان نے اس وقت کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ٹرمپ نے اپنی کچھ مصروفیات کی وجہ سے اس دعوت کو قبول نہیں کیا تھا۔ گذشتہ سال یوم جمہوریہ کی تقریب میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے دعوت دی گئی تھی۔
سنہ 2015 میں سابق امریکی صدر براک اوباما ہندوستان میں یوم جمہوریہ کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے والے پہلے امریکی صدر بنے تھے۔ دہلی میں ایک تقریب کے دوران ہندوستان میں امریکی سفیر نے ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان جاری سفارتی تنازع پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکہ مداخلت کر کے تعلقات کو حل کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔