نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بات کی اور مغربی ایشیاء میں بگڑتی ہوئی سلامتی اور انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر السیسی کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک بات چیت کے بعد مودی نے کہا کہ "ہم دہشت گردی، تشدد اور شہریوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہیں"۔
وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اتوار کو کہا کہ "کل مصری صدر کے ساتھ بات کی۔ مغربی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی اور انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔" انہوں نے کہا کہ "ہم دہشت گردی، تشدد اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم جنگ سے متاثرہ غزہمیں امن و استحکام کی جلد بحالی اور انسانی امداد کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر متفق ہیں۔"
مصر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر السیسی کو وزیر اعظم مودی کا فون آیا اور دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے شہریوں کی زندگیوں پر اس کے زبردست اثرات اور اس سے پورے خطے کی سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر، موجودہ کشیدگی کے تسلسل کی سنگینی پر بھی بات چیت کی۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان کونسلر احمد فہمی نے کہا کہ صدر السیسی نے تصدیق کی کہ مصر جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے اپنی کوششوں پر عمل پیرا ہے اور اس کے لئے لگاتار کوشش جاری ہے۔