نئی دہلی: وزیر اعظم مودی نے دہلی میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ سے فون پر بات چیت کی اور سیلابی صورتحال سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ٹویٹر پر یہ معلومات شیئر کی ہیں۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے مطابق جمعرات کی رات وزیر اعظم نریندر مودی نے فرانس سے فون کرکے دہلی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے فرانس سے فون کیا اور دہلی میں پانی جمع ہونے، سیلاب کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ہر ممکن مدد لے کر دہلی کے مفاد میں مناسب قدم اٹھانے کی ہدایات دی۔ دہلی میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو لے کر جمعرات کی سہ پہر لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ ہوئی، جس میں ٹریفک وغیرہ کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے اہم فیصلے لیے گئے۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ میں تمام اسکولوں اور کالجوں کو اتوار تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے اور دوسری ریاستوں سے دہلی آنے والی بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ سرکاری دفاتر میں جہاں تک ممکن ہو گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس دوران جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے پیش نظر اب وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ گورنر کو مرکزی حکومت سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔