نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہم وطنوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور کہا کہ جو ملک اختراع کو اہمیت نہیں دیتا وہ ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک کی ان کامیابیوں، ملک کے لوگوں کی ان کامیابیوں سے تحریک لیں، فخر کریں، نئے عزم کریں۔ میں ایک بار پھر آپ سب کو 2024 کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے نئے سال کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ برلا نے اتوار کو اپنے پیغام میں کہا کہ "میرے پیارے ہم وطنوں، میرے اہل خانہ، آپ کو نئے سال 2024 کے لیے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میری خواہش ہے کہ نیا سال آپ کی اور آپ کے عزیزوں کی زندگیوں میں نئی خوشیاں لائے۔ آپ کے تمام عزائم پورے ہوں۔ نئے سال میں آپ کی زندگی نئی حصولیابیوں اور نئی کامیابیوں سے بھر جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’’نیا سال وہ وقت ہے جب ہم اپنے لیے نئے اہداف طے کرتے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے نئی توانائی اور نئے جوش کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ میری خدا سے دعا ہے کہ آپ نئے سال میں اپنی زندگی کو نئے اعتماد، نئے منصوبوں اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں۔ مثبت توانائی کے ساتھ خود کو بہترین بنانے کی کوشش کریں۔ ہم اپنے خاندان، معاشرے اور قوم کو بہتر بنانے کے لیے اپنا بھر پور حصہ ڈالیں، نیا سال آپ سب کی زندگیوں میں امن، خوشی اور خوشحالی لائے، آپ کی صحت اچھی ہو، خدا سے یہی دعا ہے۔ جئے ہند۔"
نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے نئے سال پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو یہاں جاری ایک پیغام میں نائب صدر کے سکریٹریٹ نے کہا کہ دھنکھر نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ دھنکھر نے کہاکہ "ہر ہندوستانی کو نیا سال 2024 مبارک ہو۔" انہوں نے کہا کہ نیا سال سب کے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لے کر آئے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہاکہ ’’آئیے ہم ہندوستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے کے پختہ عزم کے ساتھ نئے سال کا آغاز کریں۔