نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ورلڈ کپ فائنل میچ میں ایک قابل ستائش کارکردگی تھی۔ جس کا اختتام شاندار کامیابی پر ہوا۔ وزیراعظم مودی نے ورلڈ کپ فائنل میچ کے شاندار کھیل کے لیے ٹریوس ہیڈ کی بھی ستائش کی۔
وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد! ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم کی ایک قابل ستائش کارکردگی تھی جس کا اختتام ایک شاندار کامیابی پر ہوا۔ ٹریوس ہیڈ کو ان کے شاندار کھیل کے لیے مبارکباد"۔
وزیراعظم مودی نے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی صلاحیت اور ورلڈ کپ میچز میں بہترین مظاہرہ قابل ذکر ہے۔ مودی نے کہا کہ "ورلڈ کپ کے ذریعے آپ کا ٹیلنٹ اور عزم قابل دید تھا۔ آپ نے بڑے جذبے کے ساتھ کھیلا اور آپ لوگ قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ ہم آج اور ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں"۔
وہیں دوسری جانب کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 جیتنے پر ٹیم آسٹریلیا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ذکر ہے اور پورے ٹورنامنٹ میں اپنے شاندار کھیل سے انہوں نے ہندوستانی کھیل کے شائقین کے دلوں کو جیتا ہے۔ صدر کانگریس کھڑگے نے کہا کہ "ٹیم آسٹریلیا کو مبارکباد۔ ہندوستان نے اچھا کھیلا اور دل جیت لیے۔ کھیل میں آپ کی قابلیت اور اسپورٹس مین شپ نظر آئی۔ ہر ہندوستانی کو پورے ورلڈ کپ میں آپ کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ ہم ہمیشہ آپ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور آپ کی حصولیابیوں کی قدر کریں گے‘‘۔