نئی دہلی: سابق رکن پارلیمنٹ اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی-مارکسسٹ) کی پولٹ بیورو رکن برندا کرات نے وزیر اعظم نریندر مودی پر منی پور کے تعلق سے یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے بدھ کو منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
برندا کرات نے نئی دہلی میں ایک خصوصی انٹرویو میں ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ منی پور میں حالات معمول پر آرہے ہیں، یہ سراسر جھوٹ ہے، وزیراعظم مودی نے قوم سے جھوٹ بولا، وزیراعظم مودی جوابدہی اور منی پور میں بی جے پی حکومت کی ناکامی کے لیے تیار نہیں ہیں‘‘۔
برندا کرات نے کہا کہ منی پور میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، "بی جے پی کے بیان نے بھی منی پور میں تقسیم کو ہوا دی ہے، بیرن سنگھ حکومت کی بے حسی اور اس کے آئینی فرض سے دستبرداری نے منی پور کے لوگوں کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا ہے‘‘۔ برندا کرات اور آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (AIDWA) کے ارکان کے ساتھ شمال مشرقی ریاست کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 9 سے 11 اگست تک منی پور میں تھے۔ انہوں نے بی جے پی پر "نفرت کی سیاست" کرنے پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔