نریندر مودی نے اپنے خط میں لکھا 'اپنے ہم وطنوں کی توقعات اور حسرتوں کو پورا کرنے کی سمت میں تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اسی درمیان کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی الجھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ 19) سے نمٹنے کے لیے پورے ملک نے اپنے منفرد اتحاد اور عزائم سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے ایک سال کے دوران اہم کامیابیوں کو گناتے ہوئے 'جموں و کشمیر سے دفعہ 370 اور 35 اے ہٹانے، رام مندر کے لیے راستہ ہموار کرنے اور اِس کی تعمیر کی مہم میں تیزی لانے، مسلم خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ایک ساتھ تین طلاق کے طریقے پر روک لگانے اور شہریت ترمیمی قانون کو لاگو کرنے کو تاریخی فیصلے قرار دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں عوام نے انہیں ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور دنیا میں بھارت کے مقام کو بلند کرنے کے لیے چنا تھا جبکہ گذشتہ ایک سال کے دوران حکومت کی جانب سے لئے گئے فیصلوں سے ان کے خوابوں کی تکمیل ہوتی ہے۔ نریندر مودی کی فیصلہ کن قیادت نے ملک کی بیرونی اور دفاعی پالیسیوں کو بھی نئی جہت بخشی ہے، جس کی وجہ سے بھارت کو دیکھنے کا، دنیا کا نظریہ بدل گیا ہے۔