وزیراعظم نریندر مودی نے ساتویں بار لال قلعہ کی فصیل سے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلیے وہ پرعزم ہیں۔ 2014 اور 2019 میں بے مثال عوامی تائید کے بعد نریندر مودی اپنی کوششوں میں اور تیزی لانے کےلیے کوشاں ہیں۔
کورونا وبا کی وجہ سے تباہ کن صورتحال کے بعد مودی حکومت ’آتمانربھر بھارت مشن‘ پر زور و شور سے کام کر رہی ہے جبکہ آج کی تقریر میں بھی اس کی جھلک دیکھی گئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے 86 منٹ پر مشتمل اپنی تقریر میں خود انحصار بننے کی سمت میں صحت کے شعبہ میں کی گئی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ کورونا کے اس بحران میں خود انحصاری کی سب سے بڑی سیکھ اسی شعبہ نے دی ہے جو اتنے کم وقت میں میڈیکل سپلائی کےلئے درآمدات پر انحصار چھوڑ کر اب اس کی برآمدات کرنے لگا ہے۔
مودی نے74ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے ملک سے اپنے خطاب میں کہا،’’کورونا کے بحران میں ہم نے دیکھا کہ بہت سی چیزوں کےلئے ہم مشکلات میں ہیں۔دنیا سے لانا ہے اور دنیا دے نہیں پارہی ہے۔ہمارے ملک میں نوجوانوں نے،کاروباریوں نے ،صنعتی شعبہ کے لوگوں نے یہ بیڑا اٹھا لیا کہ جس ملک میں پہلے این 95 ماسک نہیں بنتے تھے،بننے لگے،پی پی کٹ نہیں بنتی تھی ،بننے لگی،وینٹی لیٹر نہیں بنتے تھے، بننے لگ گئے۔ ملک کی ضرورتوں کی فراہمی تو ہوئی لیکن ساتھ ہی جب دنیا کو ضرورت ہوئی اور خود انحصار ہندوستان دنیا کو کیسے مدد کرتا ہے،ہم نے دیکھا۔دنیا کی بھلائی میں ہندوستان کی تعاون بڑھانا ہمارا فرض بنتا ہے۔‘‘