پیس پارٹی کے قومی نائب صدر ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں مسلم، غریب، دلت و پسماندہ طبقات کے خلاف قومی شہریت قانون و قومی مردم شماری قانون جیسا قانون لاکر ملک میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی متنازع قانون و بی جے پی لیڈران کے بیان کا نتیجہ ہے کہ مشرقی دہلی میں سی اے اے کے خلاف پرامن مظاہرہ کررہے مظاہرین پر شرپسندوں نے حملہ کر کے تشدد انجام دیا، جس کے سبب درجنوں بے قصور افراد کی جان ضائع ہوئی۔
ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ حکومت آئینی اظہار رائے کی آزادی کو دبا رہی ہے ۔آج حکومت کے خلاف تنقید کرنے والوں کو غدار کہا جارہا ہے۔ دہلی اسمبلی الیکشن کے وقت بی جے پی لیڈران کے متنازع بیان کے سبب الیکشن کے بعد مشرقی دہلی میں سی اے اے کے خلاف پرامن مظاہرہ کررہے لوگوں پر گزشتہ روز جس طرح سے بی جے پی رہنما کپیل مشرہ کے اکسانے پر شر پسند عناصر نے مظاہرین پر حملہ کر تشدد انجام دیا یہ مسلمانوں کو خوفزدہ کرکے مظاہرہ ختم کرانے کی ایک منظم سازش ہے۔ انہوں نے کہا تشدد میں درجنوں افراد کی جان ضائع ہوئی و کروڑوں کی املاک کو جلا کر خاک کر دیا گیا۔